بی کیونیوز! نامور صحافی ریحان فضل بی بی سی کے لیے اپنے ایک خصوصی آرٹیکل میں لکھتے ہیں کہ امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر جمشید مارکر کہتے تھے کہ رعنا لیاقت علی جب کسی کمرے میں داخل ہوتی تھیں تو وہ کمرہ خود ہی روشن ہو اٹھتا تھا۔ ایک مرتبہ برج کھیلتے ہوئے لیاقت علی نے اپنے رہنما محمد علی جناح سے کہا کہ آپ اپنی تنہائی دور کرنے کے لیے دوسری شادی کیوں نہیں کر لیتے؟ جناح نے تپاک سے کہا‘ مجھے
دوسری رعنا لا دو، میں فوراً شادی کر لوں گا‘۔ رعنا لیاقت علی کی پیدائش 13 فروری 1905 میں شمالی ہند کے علاقے الموڑہ میں ہوئی تھی اور انکا نام آئرین روتھ پنت تھا۔ وہ کماؤں کے ایک برہمن خاندان سے تعلق رکھتی تھیں لیکن بعد میں انھوں نے عیسائی مذہب قبول کر لیا تھا۔ رعنا لیاقت علی کی سوانحِ عمری ‘دی بیگم’ کی شریک مصنفہ دیپا اگروال بتاتی ہیں کہ وہ ایک آزاد خیال خاتون تھیں اور ان میں زبردست اعتماد تھا۔ 86 سال کی اپنی زندگی میں انھوں نے 43 سال انڈیا میں جبکہ اتنا ہی عرصہ پاکستان میں گذارا۔ انھوں نے نہ صرف اپنی انکھوں کے سامنے تاریخ رقم ہوتے دیکھی بلکہ اس کا حصہ بھی بنیں۔ جناح سے لے کر جنرل ضیا الحق تک سبھی کے سامنے وہ اپنی بات کہنے سے کبھی نہیں ہچکچائیں۔ ایم اے کی اپنی کلاس میں وہ اکیلی لڑکی تھیں اور لڑکے انھیں تنگ کرنے کے لیے ان کی سائیکل کی ہوا نکال دیتے تھے۔ آئرین پنت یعنی
رعنا کی تعلیم لکھنؤ کے لال باغ سکول اور پھر وہیں کے مشہور آئی ٹی کالج میں ہوئی۔ مسلم لیگ کے رہنما لیاقت علی سے ان کی ملاقات بھی ایک دلچسپ کہانی ہے۔ دیپا اگروال بتاتی ہیں ان دنوں ریاست بہار میں سیلاب آیا ہوا تھا اور لکھنؤ یونیورسٹی کے طالب علموں نے فیصلہ کیا وہ ایک پروگرام کر کے وہاں کے لیے فنڈ جمع کریں گے۔ آئرین پنت جو لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم اے کر رہی تھیں شو کے ٹکٹ فروحت کرنے پارلیمنٹ پہنچیں اور وہاں انھوں نے پہلا دروازہ کھٹکھٹایا وہ لیاقت علی خان نے کھولا۔ لیاقت ٹکٹ خریدنے میں جھجھک رہے تھے اور بڑی مشکل سے انھوں نے ایک ٹکٹ خریدا۔ دیپا اگروال بتاتی ہیں آئرین نے کہا کہ کم از کم دو ٹکٹ تو خریدیں اور شو دیکھنے کے لیے کسی کو اپنے ساتھ لے کر آئیں۔ جواب میں لیاقت علی نے کہا کہ میں کسی کو نہیں جانتا جس کو اپنے ساتھ لاؤں اس پر آئرین بولیں میں آپ کے لیے
ایک ساتھی کا انتظام کرتی ہوں اور اگر کوئی نہیں ملا تو میں ہی آپ کے ساتھ بیٹھ کر شو دیکھ لوں گی اور لیاقت ان کی یہ درخواست رد نہیں کر پائے۔ بعد میں آئرین اندرپرستھ کالج میں لیکچرار ہو گئیں۔ جب انھیں خبر ملی کہ لیاقت علی کو لیجیسلیٹیو اسمبلی کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے تو انھوں نے انھیں خط لکھ کر مبارکباد دی۔جواب میں لیاقت علی نے لکھا کہ ‘جان کر خوشی ہوئی آپ دلی میں ہیں جو میرے شہر کرنال کے بلکل نزدیک ہے اس بار جب میں لکھنؤ جاتے ہوئے دلی سے گزروں گا تو کیا آپ میرے ساتھ چائے پینا پسند کریں گی؟‘ آئرین نے ان کی دعوت قبول کی اور یہیں سے ان کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا اور 16 اپریل 1933 کو بات شادی تک پہنچ گئی۔لیاقت علی ان سے دس سال بڑے تھے اور پہلے سے شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ بھی۔ لیاقت علی کی شادی ان کی کزن جہاں آرا سے ہو چکی تھی اور ان کے بیٹے کا نام
وِلایت علی خان تھا۔ بہرحال ان کی شادی ہوئی اور جامع مسجد کے امام نے ان کا نکاح پڑھوایا اور آئرین نے اسلام قبول کیا اور ان کا نام گل رعنا رکھا گیا۔ اس میں کوئی شک نہیں اس وقت لیاقت علی سیاسی افق کے ایک ابھرتے ہوئے ستارے تھے اور محمد علی جناح کے بہت نزدیک بھی۔ دونوں میاں بیوی برج کھیلنے کے شوقین تھے۔ پانچ فٹ لمبی رعنا کو نہ تو زیور کا شوق تھا اور نہ ہی کپڑوں کا انھیں ایک پرفیوم پسند تھا ‘جوائے’۔ جبکہ لیاقت علی کو امرود بہت پسند تھے اور وہ کہا کرتے تھے کہ اس سے خون صاف ہوتا ہے۔ لیاقت علی پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم بنے اور رعنا پہلی حاتونِ اول۔ لیاقت نے انھیں اپنی کابینہ میں اقلیتوں اور خواتین کی بہبود سے متعلق وزارت دی۔ابھی چار سال ہی گذرے تھے کہ راولپنڈی میں ایک جلسے میں خطاب کے دوران لیاقت علی کو زندگی سے محروم کر دیا گیا۔ ان کی م-وت کے بعد بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ
رعنا اب واپس انڈیا چلی جائیں گی لیکن انھوں نے پاکستان میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا۔ کتاب ‘دی بیگم‘ کی مشترک مصنفہ تہمینہ عزیز ایوب بتاتی ہیں کہ ابتدا میں وہ بہت پریشان تھیں اور گھبرائیں بھی کہ اب میں کیا کروں گی کیونکہ لیاقت ان کے لیے کوئی پیسہ یا جائیداد چھوڑ کر نہیں گئے تھے۔ ان کے اکاؤنٹ میں محض 300 روپے تھے اور ان کا بڑا مسئلہ بچوں کی پرورش اور ان کی تعلیم تھی۔ کچھ لوگوں نے ان کی مدد بھی کی۔ حکومتِ پاکستان نے انھیں ماہانہ دو ہزار روپے کا وظیفہ دینا شروع کر دیا۔ تین سال بعد انھیں ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر بھیج دیا گیا جس سے انھیں کچھ آسرا ہوا۔ اس وقت ہالینڈ کی رانی سے ان کی اچھی دوستی ہوئی اور رانی نے انھیں ایک عالیشان گھر کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ تم انتہائی سستے دام میں اسے اپنی ایمبیسی کے لیے خرید لو۔ یہ گھر شہر کے درمیان میں اور
شاہی محل سے صرف ایک کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ وہ بلڈنگ آج بھی پاکستان کے پاس ہے جہاں ہالینڈ میں پاکستان کا سفارتی عملہ رہتا ہے۔ بیگم رعنا لیاقت علی کو ان کی خدمات کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشانِ امتیاز سے نوازا گیا انھیں مادرِ پاکستان کا خطاب بھی مِلا۔ 30 جون 1990 کو رعنا لیاقت علی نے آخری سانس لی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو
Leave a Comment
You must be <a href="https://blowingquotes.com/wp-login.php?redirect_to=https%3A%2F%2Fblowingquotes.com%2Farchives%2F8784">logged in</a> to post a comment.